کراچی،پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف ہدایتکار نبیل قریشی سے مداحوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف پاک فضائیہ کے کامیاب آپریشن ”بنیان مرصوص“ پر فلم بنائیں۔
سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں میں بھارتی جارحیت اور مودی سرکار کے جنگی عزائم کے جواب میں پاکستان کی جانب سے کی گئی مؤثر عسکری کارروائی آپریشن بنیان مرصوص موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ مداحوں نے نبیل قریشی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس آپریشن پر مبنی فلم بنائیں اور اس فلم میں ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کو مرکزی کردار کے طور پر اجاگر کریں۔
ایک صارف نے نبیل قریشی کو ایکس پر پیغام دیا کہ اس تاریخی کامیابی پر فلم بنائی جائے اور مشہور اداکار فواد خان کو ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کے کردار
میں کاسٹ کیا جائے، کیونکہ ان دونوں کی شکل و صورت میں مماثلت پائی جاتی ہے۔
نبیل قریشی نے اس تجویز پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے فلم بنانے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ ایسا منصوبہ ان کے لیے باعث فخر ہوگا۔
بعد ازاں ایک اور صارف نے مشورہ دیا کہ چونکہ فواد خان بھارتی فلم انڈسٹری سے وابستہ رہے ہیں، لہٰذا ان کی جگہ ایسے اداکار کو منتخب کیا جائے جو پاکستانی فلم انڈسٹری سے وابستہ اور وفادار ہو۔
اس بحث میں مزید شدت آ گئی جب سوشل میڈیا پر مختلف اداکاروں کی تصاویر شیئر کی گئیں اور عوام سے رائے طلب کی گئی کہ ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کے کردار کے لیے کون سا اداکار سب سے موزوں رہے گا، ان میں ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ، وہاج اور حمزہ علی عباسی کے نام نمایاں ہیں۔
پس منظر :
آپریشن بنیان مرصوص کے تحت پاکستان نے بھارت کے 12 سے زائد اہم فوجی مقامات کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جن میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، سرسہ، سورت گڑھ، اور اڑی کے فوجی ڈپو شامل ہیں، پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا بلکہ بھارت کے 5 جنگی طیارے بھی تباہ کیے، جن میں ایک جدید فرانسیسی ساختہ لڑاکا طیارہ بھی شامل تھا۔
اس جرات مندانہ کارروائی کے بعد سوشل میڈیا پر قوم نے پاک فضائیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، اور خاص طور پر ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کی بہادری اور قیادت کو سراہا جا رہا ہے۔