گجرات پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ، موٹرسائیکل چوریوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
ضلع گجرات میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں مسلسل بڑھتی جا رہی ہیں، جبکہ پولیس کی جانب سے ان وارداتوں پر قابو پانے میں واضح ناکامی سامنے آ رہی ہے، حالیہ وارداتوں میں کیرانوالہ اور رامتلائی چوک سے دو موٹرسائیکلیں نامعلوم چور چرا کر لے گئے۔
دونوں وارداتوں کے بعد متاثرہ افراد نے قریبی تھانوں میں رپورٹ درج کروا دی ہے، تاہم اب تک نہ تو چوروں کا کوئی سراغ مل سکا ہے اور نہ ہی موٹرسائیکلیں برآمد ہو سکیں۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے ناکافی گشت اور ناقص نگرانی کی وجہ سے چوروں کے حوصلے بلند ہوتے جا رہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے وارداتوں کی تحقیقات کی جائیں اور چوروں کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے