بھارت کے سینئر فاسٹ بولر محمد شامی نے پاک بھارت کرکٹ میچز کے حوالے سے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہیں، تاہم ان کی شرط یہ ہے کہ "جب سب کھیلنے پر راضی ہوں تو کھیلنا چاہیے۔”
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے محمد شامی نے کہا کہ وہ کسی تنازع یا سیاست کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ ان کے مطابق، "حکومت اور کرکٹ بورڈ جو بھی فیصلہ کریں، اسی پر عمل کرنا بہتر ہے اور پھر اس فیصلے پر قائم بھی رہنا چاہیے۔”
انہوں نے واضح کیا کہ کرکٹ صرف جذبات کی بنیاد پر نہیں کھیلی جاتی، بلکہ اس کے پیچھے بہت سے دیگر پہلو بھی شامل ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، "ایک کھلاڑی کے نقطہ نظر سے پاکستان کے خلاف میچ کسی اور ملک کے خلاف میچ جیسا ہی ہوتا ہے۔”
ایشیا کپ پاک بھارت ٹاکرا، امارات کرکٹ بورڈ نے بائیکاٹ کے خدشات مسترد کر دیے
تاہم محمد شامی نے یہ بھی تسلیم کیا کہ شائقین کرکٹ کے لیے پاک بھارت مقابلہ ایک خاص اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے جذبات، جوش و خروش اور ماحول کھلاڑیوں کو ایک الگ توانائی اور جذبہ فراہم کرتا ہے، جس سے میچ کی شدت اور دلچسپی میں اضافہ ہوتا ہے۔
محمد شامی کے اس بیان کو کرکٹ حلقوں میں متوازن اور حقیقت پسندانہ رویہ قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پاک بھارت کرکٹ تعلقات سیاسی تناؤ کا شکار رہے ہیں۔