منگلا ڈیم میں پانی کی شدید کمی کا خطرہ، ریکارڈ بارشوں کے باوجود دریائے جہلم کا بہاؤ کم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

جہلم اور منگلا کے علاقوں میں ریکارڈ بارشوں اور دریاؤں میں سیلاب کے بعد بھی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے مہینوں میں ملک کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس تشویشناک صورتحال کی بڑی وجہ دریائے جہلم میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل کمی ہے۔

موقر انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق منگلا ڈیم، جو ملک کے دو بڑے آبی ذخائر میں سے ایک ہے، اس وقت معمول کے مقابلے میں پانی کی سست آمد کا شکار ہے،ہفتے کے روز دریائے جہلم میں پانی کا بہاؤ صرف 25 ہزار 200 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ سال کے اسی دن کے مقابلے میں 47 فیصد کم ہے، ماضی کے5 سالہ اوسط بہاؤ کے مقابلے میں بھی یہ شرح کم ہے۔

latest urdu news

ماہرین کے مطابق منگلا ڈیم کی سطح معمولی اضافہ دکھا رہی ہے اور اس وقت صرف 1201.2 فٹ تک پہنچی ہے، جو اس کی مکمل گنجائش 1242 فٹ سے 41 فٹ کم ہے۔

اس وقت ڈیم میں 4.3 ملین ایکڑ فٹ (MAF) پانی موجود ہے، جو اس کی 7.3 MAF کی مکمل صلاحیت سے تین MAF کم ہے، اور یہ فرق آئندہ ربیع کے موسم میں 15 فیصد تک پانی کی قلت کا سبب بن سکتا ہے۔

مزید یہ کہ دریائے جہلم نے گزشتہ چار ماہ میں صرف 8.7 MAF پانی فراہم کیا ہے، جو پچھلے سال کی نسبت 27 فیصد اور گزشتہ دہائی کے اوسط سے 28 فیصد کم ہے۔

اس کمی کی ایک وجہ بھارت کی جانب سے اپریل میں سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور دریاؤں کے ڈیٹا کی فراہمی بند کرنا بھی بتایا جا رہا ہے، ارسا کے ترجمان خالد ادریس رانا کے مطابق، بھارت کے اس فیصلے سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کی بنا پر منگلا ڈیم سے 5 لاکھ ایکڑ فٹ اضافی پانی خارج کرنا پڑا تاکہ فصلوں کی بروقت آبیاری یقینی بنائی جا سکے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ مون سون کے دوران عموماً 2 سے 3 تاخیری بارشیں منگلا ڈیم کی سطح بڑھانے میں مدد دیتی ہیں، مگر اس سال ایسی کوئی بارش نہیں ہوئی اور آئندہ بھی اس کی پیش گوئی نہیں ہے۔

یاد رہے کہ منگلا ڈیم ملک کی آبی ضروریات اور زرعی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس میں پانی کی کمی نہ صرف فصلوں بلکہ توانائی اور گھریلو استعمال کے لیے بھی بڑے چیلنجز پیدا کر سکتی ہے، جن سے نمٹنے کے لیے فوری قومی سطح کی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter