دنیا کے مہنگے شہروں میں کرائے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے کئی افراد کو سخت فیصلوں پر مجبور کر دیا ہے، مگر امریکہ کے ایک شخص نے اس بحران کا جو حل نکالا، وہ نہ صرف چونکا دینے والا ہے بلکہ بے حد قابلِ غور بھی۔
3 سال قبل، جب کرائے کی ادائیگی ناممکن ہونے لگی، تو 31 سالہ "جوشوا” نے ایک فیصلہ کیا— وہ اپنا اپارٹمنٹ چھوڑ کر سیدھا اپنی گاڑی میں جا بسا، اس کے مطابق،ہر ماہ سینکڑوں ڈالر کرائے پر ضائع کرنے سے بہتر ہے کہ وہی پیسہ اپنے خوابوں پر لگاؤں۔”
جوشوا نے گاڑی کو ایک مختصر مگر مکمل رہائش میں تبدیل کر لیا ہے، جس میں بیڈ، اسٹوریج، اور یہاں تک کہ ایک چھوٹا سا سولر پاور سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔ وہ دن کے وقت قریبی جم میں نہاتا ہے، کیفے میں بیٹھ کر آن لائن فری لانسنگ کرتا ہے، اور رات کو کار میں سوتا ہے۔
ابتدائی مہینے مشکل ضرور تھے، مگر اب وہ خود کو اس طرزِ زندگی میں آزاد محسوس کرتا ہے۔ اس کے مطابق، ’’یہ تنہائی نہیں، آزادی ہے‘‘۔
جوشوا کی کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جہاں کچھ لوگ اسے بہادر کہہ رہے ہیں، تو کچھ کے نزدیک یہ جدید دنیا کا ایک المیہ ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بھی اپنے خوابوں کے لیے کرائے کے آگے ہار ماننا پڑتی ہے۔
یاد رہے کہ دنیا کے کئی شہروں میں رینٹ کنٹرول، مہنگائی، اور رہائشی بحران نے عام افراد کو روایتی طرزِ زندگی ترک کرنے پر مجبور کر دیا ہے، اور جوشوا جیسے لوگ ایک نئی طرزِ رہائش کی علامت بنتے جا رہے ہیں۔