ڈیفنس کراچی میں نشہ آور گرین ٹی پلا کر چوری کرنے والی گھریلو ملازمہ گرفتار، ملک بھر میں درجنوں وارداتوں کا انکشاف
کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس سے تعلق رکھنے والی ایک گھریلو ملازمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جو اپنی مالکن کو نشہ آور گرین ٹی پلا کر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات، نقدی اور قیمتی اشیاء چرا کر فرار ہو گئی تھی۔ گرفتار ملزمہ کا نام مہرین بتایا گیا ہے، جو کہ ایک پیشہ ور چور نکلی اور ملک کے مختلف شہروں میں درجنوں وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔
پولیس کے مطابق مہرین کو فیروز آباد تھانے کی حدود سے گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں گھریلو چوریوں کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔ صرف لاہور میں ہی اس کے خلاف کم از کم 25 مقدمات درج ہیں۔
حیران کن طور پر مہرین 2017 سے اس نوعیت کی وارداتیں کر رہی ہے اور متعدد بار جیل جا چکی ہے۔ دورانِ قید اسلام آباد کی اڈیالہ جیل میں اسے سلائی میں مہارت پر اُس وقت کے وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مہرین جعلی ناموں کے ذریعے مختلف گھروں میں ملازمت حاصل کرتی تھی۔ ڈیفنس میں ہونے والی حالیہ واردات کا مقدمہ دسمبر 2024 میں درج کیا گیا تھا۔ جدید ٹیکنیکل ذرائع سے تفتیش کے بعد پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کیا، جس کی شناخت متاثرہ شخص شوکت محمود اور ان کے اہلِ خانہ نے کر لی۔
مزید انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ کلفٹن، گزری اور ضلع شرقی کے کئی گھروں سے کروڑوں روپے مالیت کی چوریاں کر چکی ہے۔ پولیس کے مطابق مہرین سے تفتیش جاری ہے اور اس کے ممکنہ ساتھیوں کی تلاش کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔