ڈپٹی کمشنر جہلم اور کنٹرولر سول ڈیفنس میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر سول ڈیفنس آفیسر جہلم محمد بوٹا کی قیادت میں ٹیم نے ٹھٹی گجراں کے قریب واقع "پومی بیگ اینڈ برادر ایل پی جی گیس ایجنسی” پر اچانک چھاپہ مارا۔
انسپکشن کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ گیس ایجنسی کا پرمٹ لائسنس طویل عرصے سے ایکسپائر ہو چکا تھا، لیکن مالکان غیر قانونی طور پر گیس سلنڈرز کی فروخت کا کام جاری رکھے ہوئے تھے، جو عوامی تحفظ کے لیے سنگین خطرہ تھا۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سول ڈیفنس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایکسپائر لائسنس پر کام کرنے کی پاداش میں گیس ایجنسی کو موقع پر سیل کر دیا اور مالکان پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد مستقبل میں ایسے غیر قانونی کاروبار کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
جہلم: پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 2 ملزمان گرفتار
میر رضا اوزگن نے اس موقع پر واضح کیا کہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال کر غیر قانونی کاروبار کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں بغیر پرمٹ کام کرنے والی تمام گیس ایجنسیوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے تاکہ عوام کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس قسم کی کارروائیاں شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف واضح پیغام دینے کے لیے ضروری ہیں، اور مستقبل میں بھی سول ڈیفنس اور متعلقہ حکام اس سلسلے میں سختی سے اقدامات جاری رکھیں گے۔
