مینار پاکستان پر جماعت اسلامی کے تین روزہ اجتماع عام کا آغاز ہو گیا، جس میں ملک بھر سے خواتین، بچوں اور کارکنان سمیت ہزاروں افراد شریک ہیں۔
اجتماع عام کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ "حکمران اگر ابراہم اکارڈ کا حصہ بننے کا سوچیں گے تو انہیں عبرت کا نشان بنائیں گے، اور کشمیر پر سودے بازی کسی صورت قبول نہیں ہوگی۔” انہوں نے مزید کہا کہ آج مینار پاکستان کا دامن شرکا کے لیے چھوٹا پڑ گیا ہے اور یہ اجتماع نہ صرف پاکستان میں اتحاد و یگانگت کی علامت ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی امت مسلمہ کی نمائندگی کرتا ہے۔
پاکستان کسی جنرل یا سیاستدان کی جاگیر نہیں، یہ سب کا ملک ہے: حافظ نعیم
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی خاندانی اجارہ داری یا اسٹیبلشمنٹ کے اشاروں پر چلنے والی جماعت نہیں ہے، اور ملک پر موجود مافیاؤں کے راج کو ختم کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کسی فرد یا سیاسی رہنما کا نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کا ملک ہے۔
اجتماع کے دوران پنجاب پولیس نے فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کیے ہیں اور تمام داخلی و خارجی راستوں پر کارکنان اور سامان کی چیکنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ ہفتہ کو ہونے والے بین الاقوامی سیشن میں تقریباً 150 غیر ملکی مندوبین بھی شریک ہوں گے۔
