راولپنڈی میں آئی ایس پی آر کی جانب سے سمر انٹرن شپ پروگرام 2025 کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس میں پاکستان کے 33 شہروں سے تعلق رکھنے والی 150 سے زائد جامعات کے 6500 طلبہ نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی ہے۔ یہ پروگرام ملک کی سب سے بڑی اور جامع انٹرن شپ تصور کیا جا رہا ہے، جو بیک وقت مختلف شہروں میں کامیابی سے جاری ہے۔
انٹرن شپ کے دوران طلبہ کو علمی، تخلیقی اور عملی سرگرمیوں کے ذریعے تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ نوجوان نسل اس موقع کو نہ صرف ایک تعلیمی سفر سمجھ رہی ہے بلکہ اسے ملک و قوم کی خدمت کے ایک سنہری موقع کے طور پر بھی دیکھ رہی ہے۔ شرکاء نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی میں نوجوانوں کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا اور ہمیں اپنے پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔
پروگرام میں ملک کی ممتاز شخصیات مختلف موضوعات پر لیکچرز دے رہی ہیں، جن کے ذریعے طلبہ کو قومی ترقی، قیادت، تعلیم، دفاعی امور اور نوجوانوں کے کردار سے متعلق موضوعات پر رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ انٹرن شپ نوجوانوں کو نیا وژن، بلند سوچ اور عملی میدان میں سرگرم ہونے کی مکمل تربیت فراہم کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ آئی ایس پی آر کی یہ سمر انٹرن شپ پاک فوج کا وہ موثر اقدام ہے جس کے ذریعے نوجوان نسل کو باصلاحیت اور قوم کا اثاثہ بنانے کی عملی کوشش کی جا رہی ہے۔