ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اسرائیل کے حالیہ فضائی حملوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی ریاست نے ایران کی سرزمین پر ایک سنگین جرم کیا ہے، جس کا خمیازہ اسے ضرور بھگتنا پڑے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل نے "شیر کو چھیڑا ہے” اور اب اسے اپنی اس حرکت کی سخت اور تلخ سزا ملے گی۔
قوم سے اپنے خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی، جن میں تہران سمیت ملک کے مختلف شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں ایران کے کئی سینئر فوجی کمانڈرز اور جوہری سائنسدان جامِ شہادت نوش کر چکے ہیں، اور یہ ایک ناقابل معافی جرم ہے۔
سپریم لیڈر نے کہا کہ اسرائیل نے خونی طاقت کا سہارا لے کر اپنے لیے دردناک انجام کی بنیاد رکھ دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "صہیونی حکومت نے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر اپنی شیطانی فطرت ایک بار پھر دنیا پر عیاں کر دی ہے۔”
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے شہید سائنسدانوں کے جانشین ان کے مشن کو جاری رکھیں گے اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنی قومی خودمختاری، سلامتی اور ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے عالمی برادری کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر یہ حملے کسی مغربی ملک پر ہوتے تو پوری دنیا چیخ اٹھتی، لیکن ایران پر کھلی جارحیت پر عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
سپریم لیڈر نے اعلان کیا کہ ایران اس سنگین جارحیت کا بھرپور جواب دے گا، اور وہ وقت دور نہیں جب دشمن کو اپنی اس مہم جوئی کی بھاری قیمت ادا کرنا ہو گی۔