کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 کے فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ان کی موت کو آٹھ سے دس ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حمیرا کے جسم پر کسی قسم کے تشدد یا زخم کے شواہد موجود نہیں، اور جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹی ہوئی نہیں پائی گئی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق، اداکارہ کی لاش ڈی کمپوزیشن کی آخری اسٹیج پر تھی، جس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ طویل عرصے سے مردہ حالت میں فلیٹ میں موجود تھیں۔
مزید معائنے کے لیے حمیرا کے بال اور شرٹ کے ٹکڑے کیمیائی تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں تاکہ موت کی اصل وجہ کا تعین ممکن ہو سکے۔
یاد رہے کہ 8 جولائی 2025 کو حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے ڈیفنس فیز 6 میں واقع ایک کرائے کے فلیٹ سے ملی تھی، جس کے بعد پولیس اور فرانزک ٹیموں نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔