دبئی ایئر شو میں بھارتی ہلکے جنگی طیارے تیجس کے گرنے نے نہ صرف ایئر شو میں موجود بین الاقوامی وفود کو حیران کر دیا بلکہ بھارت کی دفاعی صنعت کے لیے بھی ایک بڑا جھٹکا ثابت ہوا ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق حادثے کے فوراً بعد طیارہ ساز سرکاری کمپنی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (HAL) کے شیئرز دباؤ میں آ گئے اور مارکیٹ میں کمپنی کے حصص کی قیمت میں 2.62 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔
سرمایہ کاروں میں اس حادثے کے بعد تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جسے بھارتی دفاعی شعبے کی مستقبل کی ساکھ اور بین الاقوامی سطح پر طیارے کے اعتماد کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی ایئر شوز میں کسی بھی جنگی طیارے کا گر کر تباہ ہونا نہ صرف اس کی قابلِ اعتماد کارکردگی پر سوالات کھڑے کرتا ہے بلکہ ممکنہ برآمدی معاہدوں کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔
بھارتی حکام نے طیارہ حادثے کی تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے، جبکہ HAL کی جانب سے جاری بیان میں پائلٹ کے محفوظ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے اور حادثے کی بنیادی وجہ تکنیکی خرابی قرار دی گئی ہے۔
