پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف آئندہ میچ کو بھی وہ ایک عام مقابلے کے طور پر لیں گے اور ٹیم اسی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے گی جس طرح پہلے دو میچز میں کھیلا۔
امریکا کے خلاف شاندار اننگز کھیل کر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے فرحان نے بعد از میچ گفتگو میں کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی اور ایسے حالات میں 190 رنز بنانا ٹیم کی بڑی کامیابی تھی۔ ان کے مطابق اچھی کارکردگی سے کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھتا ہے اور مسلسل دو میچز میں عمدہ کھیل پیش کرنے کا فائدہ آئندہ مقابلوں میں بھی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم گزشتہ چند ماہ سے تسلسل کے ساتھ اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے اور بھارت کے خلاف میچ میں بھی کامیابیوں کا یہی اعتماد ساتھ لے کر میدان میں اتریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں بھی پاکستان نے سخت مقابلہ کیا تھا، اس بار بھی پوری تیاری کے ساتھ کھیلیں گے۔
صاحبزادہ فرحان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بمراہ کو 3 چھکے لگانیوالے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اپنے ابتدائی دونوں میچز جیت چکا ہے۔ قومی ٹیم نے پہلے نیدرلینڈز اور پھر امریکا کو شکست دے کر ایونٹ میں مضبوط آغاز کیا ہے۔
