بھارت کی جانب سے چند گھنٹوں میں دوسرا فلڈ الرٹ، دریائے ستلج اور چناب میں خطرناک صورتحال

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چند ہی گھنٹوں کے اندر پاکستان کو دوسرا فلڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے دریائے ستلج میں ہریک اور فیروزپور کے نیچے اونچے درجے کے سیلاب (ہائی فلڈ) کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

latest urdu news

تفصیلات کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے پہلے صبح 4 بجے دریائے چناب میں ہائی فلڈ کا الرٹ جاری کیا، جس کے بعد صبح 8 بجے دریائے ستلج میں دو نئے مقامات ہریک اور فیروزپور پر بھی فلڈ الرٹ جاری کر دیا گیا۔ اس سے قبل گزشتہ شام 6 بجے دریائے توی میں بھی ہائی فلڈ کی وارننگ دی گئی تھی۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دریائے ستلج اور چناب میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ پیدا ہو چکا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق سول انتظامیہ، پاک فوج اور تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

فلڈ فوکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق:

ہیڈ مرالہ: 5 لاکھ 31 ہزار کیوسک

خانکی بیراج: 3 لاکھ 67 ہزار کیوسک

قادرآباد بیراج: 2 لاکھ 53 ہزار کیوسک

حکام نے دریائی کناروں کے قریبی علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔ صورتحال مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی پلان فعال کر دیا گیا ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter