لاہور ، 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کا پولی گراف اور فوٹو گرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے موکل سے مشاورت کے بعد عدالت میں پیش ہوں۔
پولیس نے یہ ٹیسٹ کرانے کی اجازت کے لیے پراسیکیوشن کے ذریعے عدالت سے رجوع کیا، جس پر پراسیکیوشن نے انسداد دہشتگردی عدالت میں باضابطہ درخواست جمع کرائی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں تفتیشی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے عمران خان سے پولی گرافک اور دیگر ضروری ٹیسٹ لینے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے ابتدائی دلائل میں اس اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ دو سال بعد ایسی درخواست کا آنا بدنیتی ظاہر کرتا ہے۔
عدالت نے معاملے کی مزید سماعت 14 مئی تک ملتوی کر دی۔