امام مسجد اقصیٰ اور مسجد ابراہیمی پاکستان پہنچ گئے، فلسطینی وفد کا پرتپاک استقبال

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

فلسطین کا اعلیٰ سطحی مذہبی و حکومتی وفد چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا، وفد میں امام مسجد اقصیٰ اور امام مسجد ابراہیمی بھی شامل ہیں۔ وفد کی قیادت فلسطین کے قاضی القضات ڈاکٹر محمود صدقی عبد الرحمان الہباش کر رہے ہیں۔

latest urdu news

وفد کا استقبال چیئرمین پاکستان علماء کونسل طاہر محمود اشرفی اور سیکرٹری مذہبی امور سمیت اعلیٰ حکام نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں تعینات فلسطینی سفیر ڈاکٹر زہیر بھی موجود تھے۔ فلسطینی وفد عالمی سیرت کانفرنس میں شرکت کے ساتھ ساتھ وزیراعظم، صدر مملکت اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کرے گا۔

قاضی القضاۃ ڈاکٹر الہباش نے کہا کہ "پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، پاکستانی قوم اور حکومت کے شکر گزار ہیں جو ہر قدم پر فلسطین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔” انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جلد وہ وقت آئے گا جب مسجد اقصیٰ میں آزادی کے بعد سب اکٹھے ہو کر دو نفل شکرانے کے ادا کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ستمبر کے مہینے میں کئی ممالک فلسطین کو آزاد و خود مختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنے جا رہے ہیں، جبکہ اسرائیل اپنی جارحیت اور ظلم و ستم کے باعث عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔

اس موقع پر طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان، پاکستانی عوام اور حکومت ہر لمحہ فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کو ناجائز ریاست سمجھتا ہے اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ اشرفی نے اہل فلسطین کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کے جذبہ حریت کو خراج تحسین پیش کیا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter