ایران کو پرامن جوہری توانائی کا حق حاصل ہے، وزیراعظم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے پرامن جوہری پروگرام کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت جوہری توانائی کے پرامن استعمال کا پورا حق حاصل ہے اور پاکستان ایران کے اس اصولی مؤقف کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا، جنہوں نے پہلی بار پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔

latest urdu news

وزیراعظم نے ایرانی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کا قریبی برادر ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی صدر کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پر سیر حاصل گفتگو ہوئی، اور دونوں جانب سے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

شہباز شریف نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت بلاجواز تھی، مگر ایران کی قیادت اور افواج نے اس حملے کا جرات مندانہ دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی میزائلوں نے اسرائیل کے دفاعی نظام کو بے نقاب کر دیا، جس پر پاکستان کے 24 کروڑ عوام نے ایران کے حق میں آواز بلند کی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان کئی اہم مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے ہیں، جنہیں جلد مکمل معاہدوں کی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان اور ایران نے 10 ارب ڈالر سالانہ باہمی تجارت کا ہدف مقرر کیا ہے، جس سے خطے میں اقتصادی استحکام کو فروغ ملے گا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور ایران کے مؤقف میں مکمل ہم آہنگی ہے، اور دونوں ممالک کسی قسم کی دہشت گردی کو برداشت نہیں کریں گے۔ سرحدی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، تاکہ دو طرفہ اعتماد کو فروغ دیا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter