کراچی ، ڈیفنس فیز 6 کے ایک فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کے ساتھ کام کرنے والے اسٹائلسٹ دانش مقصود نے کئی اہم انکشافات کیے ہیں۔ دانش مقصود نے بتایا کہ ان کی حمیرا اصغر سے آخری گفتگو گزشتہ برس اکتوبر میں ہوئی تھی، جب دونوں نے ایک فوٹو شوٹ پر کام کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس گفتگو کے دوران حمیرا کافی خوش تھیں اور شوٹ کے نتائج سے مطمئن دکھائی دیتی تھیں۔ بعد ازاں ان کی ٹیم نے سوشل میڈیا پر فوٹو شوٹ کی تصاویر میں کولیبریٹ کرنے کے لیے ریکوئسٹ بھیجی، لیکن حمیرا کی جانب سے کوئی ردِعمل نہ آیا۔ متعدد بار کالز اور واٹس ایپ پر رابطے کی کوششیں کی گئیں، تاہم کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
دانش مقصود نے یہ بھی بتایا کہ جب بارہا کوششوں کے باوجود رابطہ نہ ہو سکا تو تشویش کے پیش نظر کچھ سوشل میڈیا پبلیکیشنز سے بھی رابطہ کیا تاکہ حمیرا کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی جا سکے، لیکن بظاہر ان پلیٹ فارمز نے معاملے کو سنجیدگی سے نہ لیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 کے ایک فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش ملی تھی، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اداکارہ کی موت کے اس پرسرار واقعے پر شوبز حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین میں افسوس اور حیرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔