عالمی اور مقامی صرافہ بازاروں میں جمعہ کے روز سونے کی قیمتوں میں تاریخ کی سب سے بڑی کمی دیکھنے میں آئی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 355 ڈالر کی کمی کے بعد 5,150 ڈالر کی سطح پر آ گئی، جسے تاریخی کمی قرار دیا جا رہا ہے۔
مقامی صرافہ بازار میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ فی تولہ 24 قیراط سونے کی قیمت 35,500 روپے کی کمی کے بعد 537,362 روپے پر پہنچ گئی، جبکہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 30,435 روپے کی کمی کے بعد 460,701 روپے تک گر گئی۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ہوئی، فی تولہ چاندی کی قیمت 1,106 روپے کی کمی کے بعد 11,069 روپے پر، اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 949 روپے کی کمی کے بعد 9,489 روپے کی سطح پر آ گئی۔
سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی، فی تولہ سونا 2 ہزار روپے سستا ہو گیا
واضح رہے کہ گزشتہ دو دنوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جمعرات کو عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 212 ڈالر کے اضافے سے 5,504 ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچی، جبکہ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 21,200 روپے کے اضافے سے 572,862 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر گئی تھی۔
اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت 18,175 روپے کے اضافے کے بعد 491,136 روپے کی سطح پر پہنچی۔ چاندی کی قیمت بھی اسی دوران بلند ہوئی، فی تولہ چاندی 264 روپے کے اضافے سے 12,175 روپے، اور فی 10 گرام 227 روپے کے اضافے سے 10,438 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچی تھی۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق جمعرات کی شب عالمی مارکیٹ میں اچانک اتار چڑھاؤ اور 5 فیصد تک کمی نے مقامی اور عالمی سطح پر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں تاریخی اتار چڑھاؤ پیدا کیا، جس سے سرمایہ کاروں میں شدید دلچسپی اور تشویش دونوں دیکھی گئی۔
