کھاریاں لالہ موسیٰ میں محکمہ صحت کا انسدادِ عطائیت آپریشن

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

تحصیل کھاریاں میں محکمہ صحت کی جانب سے انسدادِ عطائیت کے تحت بھرپور کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے دوران عطائیوں کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے۔

latest urdu news

کارروائی کے دوران حدایت اللہ میڈیکل اسٹور اور عدنان ہومیوپیتھک کلینک میں عطائیوں کی موجودگی اور غیر قانونی طور پر ایلوپیتھک پریکٹس کے واضح شواہد سامنے آئے۔ ان مراکز سے بڑی تعداد میں استعمال شدہ سرنجیں، ڈرپس اور انجیکشنز برآمد کیے گئے، جو مریضوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتے تھے۔

محکمہ صحت کی ٹیم نے موقع پر ہی شواہد اکٹھے کیے اور دونوں کلینکس کو فوری طور پر سیل کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی قانونی کارروائی کے لیے کیسز پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن لاہور کو بھجوا دیے گئے۔ حکام کے مطابق عطائیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوام کو غیر معیاری اور غیر قانونی علاج سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اسی آپریشن کے دوران تحصیل کھاریاں کے دیگر میڈیکل اسٹورز جن میں عون میڈیکل اسٹور، موسیٰ میڈیکل اسٹور اور مون میڈیکل اسٹور شامل ہیں، کا بھی معائنہ کیا گیا۔ ان اسٹورز پر معمولی نوعیت کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جس پر متعلقہ مالکان کو وارننگ جاری کرتے ہوئے چالان کیے گئے۔ حکام نے انہیں ہدایت کی کہ وہ قوانین کے مطابق اپنے امور درست کریں، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

گجرات میں کرسمس 2025 کے انتظامات کا جائزہ، مستحقین کو گرانٹ اور راشن بیگز فراہم

ادھر لالہ موسیٰ کے نواحی علاقوں میں بھی انسدادِ عطائیت مہم کے تحت کارروائیاں کی گئیں۔ یو سی کوٹلہ قاسم اور یو سی حاجی محمد میں کیے گئے دوروں کے دوران شاہد ہومیوپیتھک کلینک اور حمزہ ہومیو کلینک میں عطائیوں کی جانب سے ایلوپیتھک طریقہ علاج اپنانے کے شواہد ملے۔ ان کلینکس سے بڑی تعداد میں استعمال شدہ سرنجیں، انجیکشنز، اسٹیرائیڈز اور دیگر ممنوعہ ادویات برآمد کی گئیں۔

محکمہ صحت کی ٹیم نے دونوں ہومیوپیتھک کلینکس کو بھی فوری طور پر سیل کر دیا اور تمام شواہد قانونی کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن لاہور کو ارسال کر دیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عطائیت جیسے غیر قانونی عمل کے خلاف کارروائی کا مقصد عوامی صحت کا تحفظ اور علاج کے نظام کو محفوظ بنانا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق اس کارروائی کے نتیجے میں مجموعی طور پر 4 غیر قانونی کلینکس کو سیل کیا گیا۔ حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر مستند اور غیر رجسٹرڈ افراد سے علاج کروانے سے گریز کریں اور کسی بھی مشتبہ کلینک یا عطائی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter