بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات پر پاکستانی کرکٹرز حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان میچ ریفری رچی رچرڈسن کے سامنے پیش ہوئے۔
دونوں کھلاڑیوں نے اپنے خلاف عائد الزامات کا بھرپور اور مضبوط دفاع کیا۔
سماعت کے دوران میچ ریفری نے دونوں کھلاڑیوں سے مختلف سوالات کیے، لیکن حارث رؤف نے ایسا سوال کر کے میچ ریفری کو ہی خاموش کرا دیا۔ جب ریفری نے حارث کے ہاتھ کے 6 صفر کے اشارے کے بارے میں پوچھا، تو حارث نے سوال کیا کہ "آپ لوگوں نے اس اشارے سے کیا مطلب لیا؟” اور کہا کہ الزامات کے حق میں کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے۔
حارث رؤف کے 0-6 اشارے پر وزیر دفاع کا ردعمل: “کم چُک کے رکھ”
ذرائع کے مطابق میچ ریفری نے کہا کہ ان کا خیال ہے یہ اشارہ کسی اور چیز کی طرف ہو سکتا ہے، جس پر حارث نے جواب دیا کہ "آپ بتائیں میں کس چیز کی طرف اشارہ کر رہا تھا؟” اور بتایا کہ یہ اشارہ صرف شائقین کے لیے تھا، اس کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔
دوسری جانب، صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ انہوں نے اپنی سیلیبریشن پختون روایات کے مطابق کی تھی اور اس کا بھارت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ دونوں کھلاڑیوں نے بھارتی الزامات کو یکسر مسترد کیا اور واضح کیا کہ ان کی جانب سے کوئی ناپسندیدہ یا سیاسی پیغام نہیں دیا گیا۔
یہ سماعت پاکستانی کرکٹ ٹیم کی صفائی کا اہم موقع تھی جس میں کھلاڑیوں نے اپنی صفائی دی اور الزام تراشیوں کا منہ توڑ جواب دیا۔