گجرات ، معروف جوتا ساز ادارے سروس شوز کی گجرات میں واقع فیکٹری میں سیکیورٹی کے لیے تعینات ایک گارڈ خود چوری میں ملوث نکلا۔
اطلاعات کے مطابق مذکورہ سیکیورٹی گارڈ نے فیکٹری کے اندر سے ہزاروں روپے مالیت کے قیمتی جوتے چوری کر لیے، جن کا انکشاف فیکٹری میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کے ذریعے ہوا۔
ذرائع کے مطابق جب فیکٹری انتظامیہ کو مال کے شارٹ ہونے کا شک ہوا تو انہوں نے کیمرے کی ریکارڈنگ چیک کی، جس میں سیکیورٹی گارڈ کو جوتے چوری کرتے اور انہیں باہر منتقل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی، جس پر تھانہ سول لائن گجرات کے اہلکار موقع پر پہنچے اور شواہد حاصل کرنے کے بعد مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح ثبوت موجود ہیں اور ملوث گارڈ کی شناخت بھی ہو چکی ہے، جس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ چوری کا یہ سلسلہ کئی دنوں سے جاری تھا اور چوری شدہ سامان ممکنہ طور پر مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا تھا۔
شہری حلقوں میں اس واقعے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، کیونکہ سیکیورٹی پر مامور افراد کا اس طرح ملوث ہونا اداروں کے اعتماد کو مجروح کرتا ہے۔ فیکٹری انتظامیہ نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اسکریننگ اور نگرانی کا نظام اپنایا جائے