گجرات: ٹانڈہ کے نواحی گاؤں بڑیلہ شریف میں گھر میں چوری کی واردات پیش آئی ہے، جہاں نامعلوم چور گھر سے 2 لاکھ 30 ہزار روپے چرا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شہری محمد زبیر نے تھانہ ٹانڈہ میں رپورٹ درج کروائی ہے، جس پر مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چوری کی واردات رات کی تاریکی میں اس وقت ہوئی جب اہل خانہ گھر میں موجود تھے۔ چور بڑی مہارت سے گھر میں داخل ہوئے اور الماری سے نقدی چرا کر کسی کو کانوں کان خبر ہوئے بغیر فرار ہو گئے۔ متاثرہ خاندان کے مطابق یہ رقم گھریلو ضروریات اور بچوں کی تعلیمی فیس کے لیے جمع کی گئی تھی، جس کے چوری ہونے سے انہیں شدید مالی نقصان اور پریشانی کا سامنا ہے۔
تھانہ ٹانڈہ پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاہم تاحال نہ کوئی مشتبہ شخص گرفتار ہو سکا ہے اور نہ ہی چوری شدہ رقم کی برآمدگی ممکن ہو پائی ہے،علاقے کے عوام میں اس واردات کے بعد تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگوں کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں میں بڑھتی ہوئی چوریوں کے باوجود پولیس گشت یا نگرانی کا کوئی مؤثر نظام نظر نہیں آ رہا۔
متاثرین نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد چوروں کو گرفتار کر کے لوٹی گئی رقم واپس دلائی جائے اور علاقے میں سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ آئندہ اس قسم کی وارداتوں کا سدباب کیا جا سکے۔