عیدالاضحیٰ کے موقع پر گجرات پولیس نے ضلع بھر میں سکیورٹی کے سخت اور جامع انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے تحت ہزاروں پولیس افسران اور اہلکار مختلف مقامات پر فرائض انجام دیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق مجموعی طور پر 4 ہزار سے زائد افسران اور جوان سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں تاکہ عید کے اجتماعات پرامن اور محفوظ ماحول میں منعقد ہو سکیں۔
ضلع گجرات میں 3593 مساجد اور عبادت گاہوں میں نماز عید کے اجتماعات ہوں گے، جبکہ 6 کھلے مقامات پر بھی عید کی نماز ادا کی جائے گی۔ ان تمام مقامات پر خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عید کے اجتماعات کے دوران سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا اور مشکوک سرگرمیوں یا افراد پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک شخص یا غیر معمولی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
گجرات پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ضلع میں امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
