گجرات: غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کے خلاف آپریشن، 14 سیل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

گجرات،ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس گجرات نورالعین قریشی کی ہدایات پر ضلع بھر میں غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے۔

2اگست کو سول ڈیفنس ٹیم نے مربوط آپریشن کے دوران مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر چلنے والے منی پیٹرول پمپس اور ایجنسیز کے خلاف کارروائی کی، جس کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ، اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر اور سول ڈیفنس آفیسر چوہدری غلام مصطفیٰ نے کی۔

اس آپریشن کے دوران سات منی پیٹرول پمپس کو سیل کیا گیا، جن میں باجوہ منی پیٹرول اسٹیشن (بسم اللہ چوک)، محسن منی پیٹرول اسٹیشن (ادوال)، مدینہ منی پیٹرول اسٹیشن (مدینہ سیداں)، سلمان منی پیٹرول اسٹیشن (مسلم آباد)، شفیق منی پیٹرول اسٹیشن (کنجاہ)، باجوہ منی پیٹرول اسٹیشن (کنجاہ) اور انصاری فلنگ اسٹیشن (سرگودھا روڈ) شامل ہیں۔

مزید برآں، آٹھ منی پیٹرول ایجنسیز کے غیر قانونی ڈسپینسرز بھی قبضے میں لے لیے گئے، جن کا تعلق سلطان پور، شاہ دولہ دربار روڈ، کالو پورہ، ہریا والا چوک، کمیٹی چوک کنجاہ، سہبا چوک کنجاہ، تھانہ ٹانڈہ کے قریب اور نیو آبادی ٹانڈہ سے ہے۔

دو روزہ آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 14 غیر قانونی منی پیٹرول پمپس سیل کیے جا چکے ہیں، جب کہ 25 ڈسپینسرز ضبط کیے گئے ہیں۔ یہ کارروائی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، ممکنہ آتشزدگی کے خطرات اور قانون کی خلاف ورزی روکنے کے لیے کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی نے سول ڈیفنس ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن کو مزید مؤثر اور مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا تاکہ ضلع کو غیر قانونی پیٹرول کاروبار سے مکمل پاک کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ گجرات میں غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کی بھرمار سے نہ صرف ماحولیاتی اور جانی خطرات لاحق ہو چکے تھے بلکہ متعدد علاقوں میں آگ لگنے جیسے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter