ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کی خصوصی ہدایات پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے شہر کے مختلف مصروف علاقوں میں انسدادِ بھیک مہم چلائی گئی۔
اس مہم کا مقصد کم سن بچوں کو بھیک مانگنے جیسے استحصالی عمل سے بچانا اور انہیں محفوظ مستقبل فراہم کرنا تھا۔
اس مشترکہ کارروائی میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو گوجرانوالہ، محکمہ لیبر، ریسکیو 1122، گجرات پولیس اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔ ٹیموں نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر بھیک میں ملوث بچوں کی نشاندہی کی اور انہیں تحویل میں لیا۔
انسدادِ بیگری مہم کے دوران مجموعی طور پر 8 بچوں کو ریسکیو کیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ بچے مختلف مقامات پر بھیک مانگنے پر مجبور تھے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے فوری اقدامات ضروری تھے۔
گجرات فوڈ کنٹرولر کا فلور ملز کا دورہ، معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
ریسکیو کیے گئے بچوں کو مزید قانونی اور فلاحی کارروائی کے لیے چائلڈ پروٹیکشن بیورو گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی کونسلنگ، رجسٹریشن اور بحالی کے عمل کا آغاز کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نورالعین نے کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور انسدادِ بیگری مہم آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ بچوں کو تعلیم اور بہتر مستقبل کی جانب لایا جا سکے۔
