گوجرانوالہ،تھانہ تتلے عالی کی حدود میں واقع اڑتالی ورکاں کے علاقے میں فائرنگ کے اندوہناک واقعے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے۔
نجی نیوزٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ دو زخمی دورانِ علاج ہسپتال میں دم توڑ گئے۔
جاں بحق افراد کی شناخت عمر، بلا، عثمان اور دیگر کے طور پر کی گئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ واقعہ دیرینہ دشمنی اور پرانی رنجش کا شاخسانہ ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا مرکزی ملزم عمران نذیر ورک ہے، جس نے نشانہ بنا کر پانچوں افراد کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔ مقتولین اور ملزم کے درمیان طویل عرصے سے کشیدگی جاری تھی۔
لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔