جمعرات, 8 مئی , 2025

بھارتی حملے کے جواب میں فورسز کو اگر تحمل کا نہ کہا ہوتا تو 15 طیارے گرا دینے تھے ، ڈپٹی وزیراعظم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد،ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے 75 سے 80 لڑاکا طیاروں نے سرحدی علاقوں میں حملے کی کوشش کی، جس کا پاک فضائیہ نے بھرپور اور فوری جواب دیا۔

latest urdu news

پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ ایک گھنٹے تک سرحدی علاقوں میں شدید کشیدگی رہی، جہاں پاکستانی فضائیہ نے دشمن کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے بھرپور جوابی کارروائی کی۔

انہوں نے کہا کہ جس بھارتی طیارے نے بم گرایا، اسے نشانہ بنایا گیا اور اس کارروائی میں بھارت کے پانچ طیارے تباہ ہوئے، جن میں تین جنگی طیارے اور دو بغیر پائلٹ کے ڈرون شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جنہوں نے نہایت مستعدی اور بہادری سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو خط لکھ کر تمام صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ عالمی برادری، خاص طور پر او آئی سی اور اسپین کے وزیر خارجہ کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان نے کسی قسم کی پہل نہیں کی لیکن دشمن کی جارحیت کا جواب ضرور دیا ہے، اگر پاک فوج کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت نہ ہوتی تو بھارت کے صرف پانچ نہیں بلکہ پندرہ طیارے مار گرائے جاتے۔

انہوں نے بھارت کی جانب سے نیلم جہلم پراجیکٹ کو نشانہ بنانے کو نہ صرف عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی بلکہ مجرمانہ اقدام بھی قرار دیا۔

اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے بھارت کے کروڑوں ڈالر مالیت کے جنگی طیارے تباہ کیے ہیں اور دشمن کو ہر سطح پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اگر اینٹ ماری گئی تو جواب میں پتھر دیا جائے گا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter