شدید بارش، طوفانی ہوائیں اور سیلابی پانی بھی ایک سچے محبت کرنے والے جوڑے کو ایک ہونے سے نہ روک سکے۔
فلپائن کے شہر مالولوس میں واقع تاریخی باراسوان چرچ، جو طوفان وِپھا کے باعث زیرِ آب آ چکا تھا، ایک ایسی یادگار شادی کا گواہ بنا جس نے دنیا بھر کے دل جیت لیے۔
جیڈ رک وردیلو اور جمییکا اگویلار نامی جوڑے نے خراب موسم اور مشکل حالات کے باوجود اپنی شادی ملتوی کرنے کے بجائے اسی چرچ میں عہدِ وفا باندھنے کا فیصلہ کیا۔ پانی سے بھرا چرچ، بارش سے بھیگا ماحول اور محبت سے روشن چہرے — ان کی شادی ایک فلمی منظر کی طرح محسوس ہوئی۔
دولہا وردیلو نے بتایا کہ انہیں پہلے ہی طوفانی موسم کا اندازہ تھا، مگر وہ کسی صورت اس دن کو ملتوی نہیں کرنا چاہتے تھے۔ ان کا کہنا تھا، ’’ہم نے فیصلہ کیا کہ زندگی کے اس اہم دن پر ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، کیونکہ ہم جانتے تھے کہ مشکلات تو ہمیشہ آئیں گی، لیکن ہم نے انہیں ساتھ جیتنا ہے۔‘‘
یہ جوڑا گزشتہ دس سال سے ایک دوسرے کے ساتھ تھا اور اپنی شادی کا طویل عرصے سے انتظار کر رہا تھا۔ ان کے حوصلے، عزم اور ایک دوسرے سے محبت نے اس لمحے کو نہ صرف ان کے لیے بلکہ دیکھنے والوں کے لیے بھی ناقابلِ فراموش بنا دیا۔
شادی کی تقریب میں قریبی رشتہ دار اور دوستوں نے بھی سیلابی پانی کے باوجود شرکت کر کے اس دن کو اور بھی خاص کر دیا۔ ان مناظر کی تصاویر اور ویڈیوز بین الاقوامی میڈیا پر وائرل ہو گئیں اور دنیا بھر سے مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا۔
یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سچی محبت نہ صرف مشکل وقت میں پہچانی جاتی ہے بلکہ وہ ہر طوفان کا سامنا بھی مسکرا کر کرتی ہے۔