وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی اور ڈی پی او جہلم کی شہید کانسٹیبل حیدر علی کے گھر آمد

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے سیلاب متاثرین کی مدد کے دوران شہادت پانے والے کانسٹیبل حیدر علی حسین کے آبائی گاؤں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس پنڈ دادنخان، ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف، اور بڑی تعداد میں پولیس افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر اور ڈی پی او نے شہید کانسٹیبل کی لحد پر پھول چڑھائے، دعائے مغفرت کی اور ان کے بلند درجات کے لیے ہاتھ اُٹھائے۔ انہوں نے شہید کے لواحقین سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی، اور غم کی اس گھڑی میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

latest urdu news

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے تمام شہداء ہماری فیملی کا حصہ ہیں۔ ہم ان کے مقروض ہیں جنہوں نے اپنی جانیں قربان کر کے ہمیں تحفظ فراہم کیا، کانسٹیبل حیدر علی نے سیلاب متاثرین کی مدد کے دوران جان کا نذرانہ دے کر نہ صرف اپنے فرائض کی اعلیٰ ترین مثال قائم کی بلکہ پولیس فورس کا وقار بھی بلند کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ اپنے شہداء کے اہل خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔

وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی نے شہید کی جرات، بہادری اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل حیدر علی کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، حکومت اور ادارے ان کے اہل خانہ کی بھرپور مدد اور سرپرستی جاری رکھیں گے۔

یاد رہے کہ کانسٹیبل حیدر علی حسین نے حالیہ سیلاب کے دوران ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے جان کی قربانی دی تھی، جس پر پولیس فورس اور عوام انہیں ایک سچے ہیرو کے طور پر یاد کر رہے ہیں۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter