سپین کے شہر الیکانٹے میں ایک ملازمہ کو دفتر وقت سے بہت جلد پہنچنے پر کمپنی نے برطرف کر دیا، جس کے بعد ملازمہ نے عدالت میں مقدمہ دائر کیا۔
رپورٹ کے مطابق نوجوان خاتون کی عادت تھی کہ وہ صبح 6:45 سے 7:00 بجے کے درمیان دفتر پہنچ جاتی تھیں، حالانکہ ان کے معاہدے کے مطابق کام کا آغاز 7:30 بجے ہونا تھا۔ اس وجہ سے وہ اپنے ساتھیوں سے پہلے کام شروع کر دیتی تھیں، جو مالک کو پسند نہیں آیا۔
خاتون کو پہلی بار اس رویے پر 2023 میں انتباہ کیا گیا، تاہم انہوں نے انتباہ کی پرواہ کیے بغیر دفتر بہت جلد آنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس سال کے آغاز میں مالک نے انہیں سنگین بدانتظامی کے الزام میں برطرف کر دیا۔ مالک کا کہنا تھا کہ اتنی جلدی پہنچنے کی وجہ سے ملازمہ کے پاس کام نہیں تھا اور وہ کمپنی میں کوئی مؤثر حصہ ڈال نہیں رہی تھیں۔
بیماری کی چھٹی لینے والے چینی ملازم کو کمپنی نے بھاگتے دوڑتے دیکھ کر برطرف کر دیا
ملازمہ نے اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے الیکانٹے کی سوشل کورٹ میں اپیل دائر کی۔ عدالت نے مالک کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ملازمہ نے بار بار انتباہات کو نظر انداز کیا اور اس کا رویہ ملازم اور مالک کے باہمی تعلقات پر منفی اثر ڈال رہا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ ملازمہ کا رویہ اعتماد اور وفاداری کے تعلقات پر اثر انداز ہوا اور اسے کافی سنگین سمجھا جاتا ہے۔ اس بنیاد پر عدالت نے فیصلہ دیا کہ ملازمت ختم کرنا جائز تھا اور مالک کا اقدام قانونی دائرے میں آتا ہے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ کمپنی کے ماحول میں نظم و ضبط اور باہمی اعتماد کو برقرار رکھنا لازمی ہے اور ملازمہ کے رویے نے یہ توازن متاثر کیا، جس کی وجہ سے برطرفی ایک مناسب اور جائز اقدام تھا۔
