امریکی جریدے فوربز کے مطابق ایلون مسک، جو ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ہیں، پہلی بار اپنی دولت کو 500 ارب ڈالرز کی حد سے تجاوز کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
اگرچہ اس کے بعد ان کے اثاثوں میں معمولی کمی آئی اور یہ رقم 499.1 ارب ڈالرز پر آ گئی، مگر یہ سنگ میل عبور کرنے والا وہ دنیا کا پہلا فرد بن گئے ہیں۔
مسک کی دولت میں یہ اضافہ بنیادی طور پر ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں 14 فیصد سے زائد اضافے اور دیگر کمپنیوں جیسے اسپیس ایکس اور ایکس اے آئی کی بڑھتی ہوئی قدر کی بدولت ہوا ہے۔ یکم اکتوبر کو صرف ایک دن میں ٹیسلا کے حصص میں 3 فیصد اضافہ ہوا، جس سے ان کی دولت میں 6 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔
مسک نے حال ہی میں ٹیسلا کے 1 ارب ڈالر مالیت کے حصص خرید کر سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال کیا ہے۔
کئی مہینوں کے جھگڑے کے بعد ایلون مسک اور ڈونلڈ ٹرمپ کی خوشگوار ملاقات
اسپیس ایکس کی مالیت تقریباً 400 ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہے جبکہ ایکس اے آئی کی قدر 75 ارب ڈالرز رہی۔
رپورٹس کے مطابق اگر یہ اضافہ اسی رفتار سے جاری رہا تو 2027 تک ایلون مسک دنیا کے پہلے ٹریلین ائیر یعنی 1000 ارب ڈالر مالیت کے مالک بن جائیں گے۔
فی الحال وہ دنیا کے سب سے امیر شخص ہیں، جن کے بعد اوریکل کے شریک بانی لیری ایلیسن (350.7 ارب ڈالرز) اور میٹا کے CEO مارک زکربرگ (245 ارب ڈالرز) کا نمبر آتا ہے۔