مصری میوزیم سے چوری ہونے والا تین ہزار سال پرانا فرعون امینیموپ کے دور کا قیمتی سونے کا کڑا 4 ہزار ڈالر میں خفیہ نیلامی میں فروخت ہو گیا۔ پولیس نے اس کیس میں میوزیم کے ایک ملازم سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق یہ قیمتی کڑا لاپیس لازولی موتیوں سے مزین تھا اور اسے عجائب گھر کی کنزرویشن لیب کے اندر ایک بند دھاتی سیف میں محفوظ کیا گیا تھا، جہاں سے 9 ستمبر کو ملازم نے چوری کیا۔ بعد ازاں یہ کڑا وسطی قاہرہ میں ایک چاندی کے تاجر کی مدد سے خفیہ نیلامی میں فروخت کیا گیا۔
عراق میں خشک سالی کے دوران 2,300 سال سے زائد پرانی قبریں دریافت
ملزمان نے پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے، جب کہ خریدنے والے نے کڑے کو خریدنے کے بعد پگھلا دیا، جس سے اس تاریخی ورثے کی قیمتی شے ہمیشہ کے لیے ضائع ہو گئی ہے۔
یہ واقعہ مصر کی ثقافتی میراث کی حفاظت کے لیے ایک بڑا دھچکا سمجھا جا رہا ہے اور حکام نے ایسے واقعات کو روکنے کے لیے حفاظتی انتظامات سخت کرنے کا وعدہ کیا ہے۔