کراچی میں ڈمپر کے حادثے کے بعد، جس میں شوہر جاں بحق اور بیوی زخمی ہوئی، مشتعل افراد نے ڈمپر کو نذر آتش کر دیا۔
اس واقعے کے بعد ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود نے احتجاجی دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے دھمکی دی کہ وہ سپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے بند کر دیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق، لیاقت محسود نے ایک ویڈیو بیان میں بتایا کہ رات 12 بجے انہیں حادثے کی اطلاع ملی اور انہوں نے ایس ایس پی سے رابطہ کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ نفری جائے وقوعہ پر بھیجی جائے۔
ایسوسی ایشن کے 20 سے 25 ممبران کے ہمراہ وہ موقع پر پہنچے، جہاں 2 سے 2.5 ہزار افراد جمع تھے۔
لیاقت محسود نے الزام لگایا کہ ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ اس دوران مشتعل افراد نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا اور پتھراؤ کیا، جس پر ان کے ذاتی گارڈ نے ہوائی فائرنگ کی۔
کراچی: راشد منہاس روڈ واقعہ، ڈمپر جلانے کامقدمہ، تاحال 20 افراد زیرِ حراست
پولیس کی بھاری نفری پہنچنے کے بعد لوگوں کو منتشر کیا گیا، اور لیاقت محسود جائے وقوعہ سے واپس روانہ ہوئے۔
حادثے اور اس کے بعد کے مظاہروں نے علاقے میں شدید کشیدگی پیدا کر دی ہے، اور ڈمپر ایسوسی ایشن کے احتجاج کے باعث ہائی ویز بند ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 