دبئی پولیس نے خطرناک ڈرائیونگ اور ایک محنت کش ڈیلیوری بائیکر کو تنگ کرنے کے جرم میں ایک شہری کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے گاڑی ضبط کرلی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک لاپرواہ کار ڈرائیور نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے بلکہ سڑک پر چلتے ایک ڈیلیوری رائیڈر کا بھی راستہ روکتا ہے اور اسے بار بار تنگ کرتا ہے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ویڈیو کی مدد سے ڈرائیور کی شناخت کر لی اور اس کے گھر پہنچ کر گاڑی ضبط کر لی۔ ساتھ ہی ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی چلانے والا شخص کس طرح خطرناک انداز میں گاڑی چلا رہا تھا اور ڈیلیوری بائیکر کو غیر ضروری طور پر ہراساں کر رہا تھا۔
دبئی کے کیفے کا مہنگے ترین کافی کپ کا عالمی ریکارڈ
دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور ایسے لاپرواہ رویے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں پر قانون کا احترام کریں اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔