ڈنگہ شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک مزدور تین منزلہ عمارت سے گر کر جاں بحق ہو گیا، واقعہ ڈھیلان چوک کے قریب اس وقت پیش آیا جب بلدیاتی اداروں کی جانب سے غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کیا جا رہا تھا۔
مسمار کیے جانے والے تین منزلہ پلازہ کی تیسری منزل پر مزدور کام میں مصروف تھا کہ اچانک پاؤں پھسلنے سے نیچے گر گیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ مزدور نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق جائے وقوعہ پر حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر تھے، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والے مزدور کی شناخت ابتدائی طور پر کی جا چکی ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ اس کا تعلق جنوبی پنجاب کے شہر ملتان سے تھا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے لیا اور ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کو اطلاع دے دی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا پائی گئی، جبکہ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ ایسے آپریشنز کے دوران مزدوروں کی جان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
یاد رہے کہ ڈنگہ اور گردونواح میں حالیہ دنوں میں تجاوزات کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے، جس کے دوران کئی عمارتوں کو گرایا جا چکا ہے۔ تاہم حفاظتی انتظامات کے فقدان کے باعث یہ پہلا جان لیوا حادثہ سامنے آیا ہے۔