بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر نہ صرف اپنی شاندار فلمی کیریئر کے لیے جانے جاتے تھے بلکہ اپنی دیہی زندگی اور آبائی زمین سے گہرا لگاؤ بھی رکھتے تھے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، دھرمیندر نے تقریباً دس سال قبل اپنی آبائی زمین اپنے چچا زاد کے نام منتقل کر دی تھی تاکہ وہ ان کی غیر موجودگی میں اس زمین کی دیکھ بھال کر سکیں۔
دھرمیندر کے بھتیجے، بوٹا سنگھ دیول نے بتایا کہ 2016 میں دھرمیندر نے اپنے گاؤں ڈانگون، جو لدھیانہ سے 25 کلومیٹر دور ہے، میں 19 کنال اور 3 مرلہ زمین اپنے والد منجیت سنگھ اور چچا شنگارا سنگھ کے نام منتقل کی۔
دھرمیندر کے انتقال پر افسردہ سلمان خان کا جذباتی بیان
یہ زمین کروڑوں روپے کی مالیت رکھتی ہے اور دھرمیندر کے لیے ہمیشہ خاص رہی کیونکہ وہ گاؤں کی سادگی اور کھیتوں کی زندگی میں سکون محسوس کرتے تھے۔
بالی وڈ میں شہرت اور دولت کے باوجود دھرمیندر ہمیشہ اپنے رشتہ داروں اور بچپن کے دوستوں کے ساتھ تعلقات قائم رکھتے تھے۔ وہ اپنے گاؤں اکثر آتے رہتے تھے، حالانکہ ان کا زیادہ تر وقت فلموں اور شہر کی مصروفیات میں گزرتا تھا۔ 2019 میں وہ آخری بار گاؤں آئے، جب سنی دیول گورداسپور سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے۔
دھرمیندر نے اپنی زندگی کے کئی سال ممبئی کے قریب کھنڈالہ میں تعمیر کیے گئے فارم ہاؤس میں گزارے، جہاں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران انہوں نے مداحوں کے لیے متعدد ویڈیوز بھی شیئر کیں۔
اپنی زمین کو بیٹوں یا بیٹیوں کے نام منتقل نہ کرنے کے باوجود، دھرمیندر نے اسے ان رشتہ داروں کے حوالے کیا جنہیں وہ سب سے زیادہ قابل اعتماد اور قریبی سمجھتے تھے۔ یہ اقدام ان کی سادگی، خاندانی وابستگی اور اپنی جڑوں سے محبت کی بہترین مثال ہے۔
