ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے جی ٹی روڈ، ریلوے روڈ اور شہر کے داخلی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں اور صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے شہباز شریف پارک کے قریب انٹری پوائنٹ اور اطراف کے علاقوں میں جاری منصوبوں کا بھی معائنہ کیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ریلوے روڈ پر نئے نالے کی تعمیراتی پیشرفت کا معائنہ کیا اور منصوبے کو معیاری اور بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جی ٹی روڈ اور ریلوے روڈ سمیت اطراف کے علاقوں میں صفائی، نالوں کی صفائی (ڈسلٹنگ) اور نکاسی آب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر آر آر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وسیم اسد اللہ نے جاری صفائی کے کاموں پر بریفنگ دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ سڑکوں اور نالوں کی صفائی کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے میونسپل کارپوریشن کے عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ جی ٹی روڈ اور ریلوے روڈ پر واقع نالوں کی صفائی بروقت مکمل کی جائے تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔