لاہور کے جناح اسپتال اور گجرات کے عزیز بھٹی شہید اسپتال میں مبینہ غفلت اور ناقص انتظامات پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے سخت کارروائی کی ہے، جس کے تحت دونوں اسپتالوں کے کئی افسران اور عملے کے ارکان کے تبادلے کر دیے گئے۔
جناح اسپتال لاہور سے ایک سینئر میڈیکل آفیسر، ایک میڈیکل آفیسر، جونیئر ٹیکنیشن محمد عمر حیات اور جونیئر ٹیکنیشن محمد امجد کو ان کے موجودہ عہدوں سے ہٹا کر تبادلے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
اسی طرح گجرات کے عزیز بھٹی شہید اسپتال میں بھی بدانتظامی اور لاپروائی پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ایاز ناصر، ڈپٹی ڈرگز کنٹرولر فریدہ نذر اور جونیئر ٹیکنیشن فخر عباس کا تبادلہ کیا گیا ہے۔
یہ ایکشن وزیراعلیٰ پنجاب کے قائم کردہ ہیلتھ ویجیلنس اسکواڈ کی جانب سے اسپتالوں کے اچانک دورے کے بعد عمل میں لایا گیا، جس میں صحت عامہ کی سہولیات، مریضوں کے علاج اور انتظامی معاملات کا جائزہ لیا گیا تھا۔
محکمہ صحت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے تمام عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔