سعید انور بننا تھا، یہ تو سعید اجمل بن گیا ،صائم ایوب پر شائقین کے دلچسپ تبصرے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر صائم ایوب ایشیا کپ 2025 میں اپنی بیٹنگ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں، لیکن انہوں نے اپنی بولنگ سے شائقین کو ضرور متاثر کیا ہے۔

latest urdu news

صائم کی بیٹنگ سے متعلق توقعات بہت بلند تھیں، تاہم وہ مسلسل ناکام ثابت ہو رہے ہیں۔ وہ اب تک کھیلی گئی 6 اننگز میں صرف 23 رنز ہی اسکور کر سکے ہیں، جن میں چار مرتبہ وہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔

دوسری جانب صائم ایوب نے آف اسپن بولنگ میں غیر متوقع طور پر اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں اب تک 8 وکٹیں حاصل کی ہیں، جن میں کئی اہم وکٹیں شامل ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں بھی جب وہ بیٹنگ میں صفر پر آؤٹ ہوئے، تو بولنگ میں واپسی کرتے ہوئے 2 اہم وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

وقار یونس نے صائم ایوب کو قومی ٹیم سے ڈراپ کرنے کا مشورہ دے دیا

صائم ایوب کی ایسی کارکردگی نے شائقین کو حیران کر دیا ہے اور سوشل میڈیا پر ان کی بولنگ کو لے کر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا: "صائم کو سعید انور بننا تھا، یہ تو سعید اجمل بن گیا”۔ دوسرے صارف نے کہا: "ہم صائم کو اوپننگ بیٹر سمجھ رہے تھے، یہ تو بولر نکلا”۔

شائقین کی جانب سے یہ تبصرے ظاہر کرتے ہیں کہ بیٹنگ کے بجائے اب صائم کی بولنگ کو زیادہ سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ بہت سے صارفین نے یہاں تک کہہ دیا کہ اگر بیٹنگ نہ چل سکی تو صائم کو ٹیم میں بطور آل راؤنڈر شامل رکھا جا سکتا ہے۔

اگرچہ بیٹنگ میں ناکامی کسی بھی بلے باز کے لیے مایوس کن ہوتی ہے، لیکن صائم ایوب کی بولنگ کارکردگی ان کے کیریئر کا ایک نیا پہلو اجاگر کر رہی ہے۔ کرکٹ تجزیہ کاروں کا بھی ماننا ہے کہ اگر وہ اپنی بیٹنگ پر کام کرتے رہیں اور بولنگ میں مہارت جاری رکھیں تو وہ پاکستان ٹیم کے لیے ایک مکمل کھلاڑی بن سکتے ہیں۔

صائم ایوب اس وقت ایشیا کپ میں ایک ایسے کھلاڑی کے طور پر ابھر رہے ہیں، جن سے نہ صرف رنز کی بلکہ وکٹوں کی بھی امید کی جا رہی ہے۔ وقت بتائے گا کہ وہ اپنے اندر چھپے "سعید انور” کو جگا پاتے ہیں یا "سعید اجمل” ہی بنے رہتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter