جہلم کو صاف، سرسبز اور مثالی شہر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صفائی ستھرائی کا بھرپور اور منظم آپریشن جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کے تحت ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں جدید مشینری اور تربیت یافتہ عملے کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق شہر کی مرکزی سڑکوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں پر میکینکل سویپنگ اور میکینکل واشنگ کا عمل باقاعدگی سے جاری ہے تاکہ گردوغبار اور گندگی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈور ٹو ڈور گاربج کلیکشن کے نظام کو بھی مزید مؤثر بنایا گیا ہے، جس کے تحت RWMC کی ٹیمیں رہائشی علاقوں میں گھر گھر جا کر کوڑا کرکٹ جمع کر رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے وژن کے مطابق صفائی مہم کو صرف شہری علاقوں تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ قبرستانوں، پارکوں، خالی پلاٹوں اور نالوں کی صفائی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گلی محلوں میں موجود گندگی کے ڈھیروں کو مستقل بنیادوں پر ختم کیا جائے تاکہ شہریوں کو صحت مند اور محفوظ ماحول میسر آ سکے۔
جہلم: فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، میر رضا اوزگن
صفائی کے اس جامع نظام کی مؤثر نگرانی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ افسران فیلڈ میں جا کر صفائی کے کام کا جائزہ لے رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ جدید مشینری کے استعمال سے نہ صرف صفائی کے معیار میں بہتری آئی ہے بلکہ وقت اور وسائل کی بچت بھی ممکن ہو رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اس موقع پر واضح کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے RWMC کے عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ صفائی کے عمل میں غفلت یا لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جہلم کو ماڈل سٹی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور کوڑا کرکٹ سڑکوں، گلیوں اور نالیوں میں پھینکنے کے بجائے مقررہ کچرا کنڈیوں میں ڈالیں۔ ان کے مطابق عوامی تعاون کے بغیر صفائی کے اہداف حاصل کرنا ممکن نہیں، اس لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔
شہری حلقوں کی جانب سے صفائی کے اس گرینڈ آپریشن کو سراہا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں جہلم ایک صاف، صحت مند اور خوبصورت شہر کی صورت میں ابھرے گا۔
