بیجنگ سے حیران کن خبر سامنے آئی ہے جہاں چین کے شہر شینزین کی ایک خاتون نے گھر خریدنے کے لیے ایک ایسا انوکھا طریقہ اپنایا کہ سوشل میڈیا صارفین دنگ رہ گئے ، شاولی نامی اس خاتون نے مبینہ طور پر اپنے 20 مختلف بوائے فرینڈز سے ایک ایک آئی فون 6 تحفے میں لیا اور پھر ان تمام فونز کو ری سائیکلنگ کمپنی کو فروخت کر کے ایک لاکھ 20 ہزار یوآن (تقریباً 17 ہزار امریکی ڈالر) حاصل کیے۔
شاولی نے یہ رقم گھر کے لیے ڈاؤن پیمنٹ کے طور پر استعمال کی اور اپنی مستقل رہائش کا خواب پورا کر لیا۔ یہ خبر سب سے پہلے ایک چینی بلاگر نے وائبُو نامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کی، جو بعد ازاں دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔ چینی عوام اور دنیا بھر کے صارفین اس چالاکی پر حیرت کا اظہار کرتے نظر آئے۔
بعض صارفین نے خاتون کی ذہانت کو سراہا تو کئی نے اس عمل کو بے اصولی قرار دیا، تاہم سبھی یہ تسلیم کرنے پر مجبور ہو گئے کہ اتنی بڑی رقم اکٹھا کرنے کا یہ طریقہ بہت غیر معمولی اور مؤثر تھا۔ شاولی نے اس پوری اسکیم کو خاموشی سے انجام دیا اور اس سے ملنے والی رقم کو ایک بہتر مستقبل کے لیے استعمال کر لیا۔
یاد رہے کہ چین جیسے معاشرے میں جہاں آئی فون ایک مہنگی اور پرکشش چیز سمجھی جاتی ہے، وہاں اس نوعیت کا واقعہ غیر معمولی تو ہے ہی، مگر اس نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث بھی چھیڑ دی ہے کہ ذاتی فائدے کے لیے رشتوں کا استعمال کس حد تک اخلاقی ہے۔