ہفتہ, 31 مئی , 2025

چوہدری شافع حسین کی پنجاب اسمبلی آمد، مسلم لیگی اراکین سے ملاقات، یومِ تکبیر، سینٹ انتخابات اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور — پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری، پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب اسمبلی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پارٹی کے پارلیمانی دفتر میں مسلم لیگی اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کی۔

latest urdu news

اس موقع پر سینٹ انتخابات، یومِ تکبیر کی تقریبات، پارٹی امور اور ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوہدری شافع حسین نے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ 28 مئی کو یومِ تکبیر کے حوالے سے اپنے اپنے حلقوں میں بھرپور عوامی ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کریں، تاکہ اس قومی دن کی اہمیت اجاگر کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر پاکستان کی دفاعی خودمختاری، قومی یکجہتی اور ایٹمی طاقت بننے کا دن ہے، جسے جوش و جذبے اور یکجہتی کے ساتھ منایا جانا چاہیے۔ انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت اور ایٹمی سائنسدانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں اور ان کی قربانیوں کے باعث ہم چین کی نیند سوتے ہیں۔

چوہدری شافع حسین نے اراکین اسمبلی پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں ترقیاتی اسکیموں کی بروقت، معیاری اور شفاف تکمیل کو یقینی بنائیں، عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ملک کی خالق جماعت ہے، جسے ہر سطح پر منظم اور مضبوط بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پارٹی صدر چوہدری شجاعت حسین کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی خدمت، شرافت اور رواداری کی سیاست کو آگے لے کر جا رہے ہیں۔

چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر سینٹ کے انتخابات میں مشترکہ امیدوار کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا۔

ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل طارق حسن بھی موجود تھے۔ اراکین اسمبلی نے چوہدری شجاعت حسین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے پلیٹ فارم سے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں شریک اراکین اسمبلی میں راجہ محمد اسلم خان، خالد جاوید اصغر گھرال، محمد عبداللہ وڑائچ، سید مدد علی شاہ، چوہدری اعجاز احمد، حسن عسکری شیخ، سلمی سعید اور تشفین صفدر شامل تھے۔

چوہدری شافع حسین کی حالیہ سرگرمیوں میں سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی توجہ مرکوز ہے، جہاں چینی صوبے ہونان سے آئے سرمایہ کاروں کے وفد نے ان سے ملاقات کی اور مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter