راولپنڈی میں پولیس نے 300 روپے کی نسوار چوری کا انوکھا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ یہ واقعہ تھانہ ریس کورس کی حدود میں پیش آیا جہاں ایک شہری نے ریسکیو 15 پر کال کر کے اطلاع دی کہ اس کی 10 نسواریں چوری ہوگئی ہیں۔
پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر اے ایس آئی سرفراز علی نے تھانے میں باقاعدہ رپورٹ درج کی۔ مدعی کے مطابق چوری کی گئی نسواروں کی مالیت 300 روپے کے قریب تھی۔ پولیس نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے اور نسوار چور کی تلاش کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
اس غیر معمولی واقعے پر سوشل میڈیا پر بھی دلچسپ تبصرے سامنے آ رہے ہیں، کئی صارفین نے پولیس کے اس عمل کو مزاحیہ انداز میں لیا تو بعض نے اسے قانون کی برابری کی مثال قرار دیا کہ ہر شہری کی شکایت سنی جا رہی ہے، چاہے وہ معمولی نوعیت کی ہو یا بڑی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں بعض اوقات معمولی نوعیت کے معاملات پر بھی ایف آئی آر کا اندراج قانون کے احترام اور شہری شکایات کے ازالے کے جذبے کے تحت کیا جاتا ہے، تاکہ عوام کا اعتماد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر قائم رہے۔