کینیڈا سے تعلق رکھنے والی معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر انیتا وِنگ لی کی اپنے 4 فٹ کے دوست ٹموتھی موٹو سے شادی کی کہانی نے انٹرنیٹ پر لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔
دونوں کی پہلی ملاقات 2021 میں مشترکہ دوستوں کے ذریعے ہوئی تھی، جہاں ابتدا میں ان کے درمیان کوئی رومانوی تعلق نہیں تھا۔ انیتا کے مطابق، ٹِم نے پہلے محبت کا اظہار کیا تھا لیکن انہوں نے انہیں صرف ایک دوست سمجھا اور بات ختم کر دی۔
تاہم وقت کے ساتھ ان کی دوستی مضبوط ہوتی گئی اور انیتا کا نظریہ بدلنے لگا۔ انہیں آسٹریلوی اسپیکر نِک وجِچچ کی یاد آئی جن کی بیوی نے ان سے ظاہری شکل سے ہٹ کر محبت کی۔ انیتا کو احساس ہوا کہ وہ ہمیشہ کسی ایسے شخص کی متلاشی تھیں جو کردار، مہربانی اور گہرائی رکھتا ہو — اور یہ سب خوبیاں ٹِم میں موجود تھیں۔
ایک موقع پر انیتا نے ٹِم کی پیشکش ٹھکرا کر انہیں "بس دوست” بنائے رکھنے کا پیغام بھی بھیجا، لیکن فوراً ہی پچھتاوا ہوا اور انہیں لگا کہ وہ کسی قیمتی چیز کو کھونے جا رہی ہیں۔ اس کے بعد دونوں کے درمیان رشتہ مزید گہرا ہوا، یہاں تک کہ ستمبر 2024 میں منگنی اور 2025 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
ان کے قد کے نمایاں فرق کے باعث بہت سے لوگ ان کی تصاویر کو مصنوعی سمجھتے ہیں، لیکن انیتا اور ٹِم اپنی حقیقی اور بے ساختہ محبت کی کہانی کو سوشل میڈیا پر فخر سے شیئر کرتے ہیں۔ ان کی کہانی اس بات کی گواہی ہے کہ سچی محبت ظاہری معیار سے بالاتر ہو کر دل اور روح کو پہچانتی ہے۔