افریقی ملک موریطانیہ کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی ایک کشتی الٹنے سے 49 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ منگل کے روز پیش آیا، جب کشتی میں موجود 160 افراد میں سے کئی لاپتا ہو گئے۔ اب تک 17 افراد کو زندہ بچایا جا چکا ہے، جبکہ 100 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ کشتی ایک ہفتہ قبل گیمبیا سے روانہ ہوئی تھی۔ کشتی میں سینیگال، گیمبیا اور دیگر افریقی ممالک کے شہری سوار تھے، جو غیر قانونی طریقے سے یورپ یا کسی دوسرے ملک جانے کی کوشش میں تھے۔
مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر زیر حراست
تاحال حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ کشتی کی منزل کہاں تھی، تاہم اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ بھی ان کئی خطرناک سمندری ہجرتوں میں سے ایک ہے جو افریقی مہاجرین یورپ پہنچنے کی امید میں کرتے ہیں۔
امدادی ٹیمیں اب بھی لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں، جبکہ عالمی ادارے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔