پہلگام حملے میں پاکستان ملوث نہیں ، ہم دباؤ میں نہیں آئیں گے ، بلاو ل بھٹو زرداری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں، لیکن اگر بھارت غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنانا چاہتا ہے تو اسے جان لینا چاہیے کہ ہم دباؤ میں آنے والے نہیں ہیں۔

latest urdu news

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پہلگام میں سیاحوں کا قتل افسوسناک سانحہ ہے، لیکن بھارت نے بغیر ثبوت پاکستان پر الزام دھر دیا، حالانکہ پاکستان خود دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا مقابلہ صرف طاقت سے نہیں بلکہ انصاف سے ممکن ہے، ہم دنیا اور بھارت کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ مسائل کا حل گولی نہیں، قانون اور عدل ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت آج تک کلبھوشن یادیو کے معاملے میں جواب دہ نہیں ہوا، پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر اس کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کے شواہد پیش کیے ہیں، جبکہ بھارت دیگر ممالک، بشمول کینیڈا، میں بھی دہشتگرد سرگرمیوں میں شامل پایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی ظلم اور جبر کا مرتکب ہو رہا ہے، اور دنیا کو یاد رکھنا چاہیے کہ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، جہاں بندوق نہیں بلکہ رائے شماری ہونی چاہیے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے واضح کیا کہ پاکستان کی افواج ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، ہم انتقام نہیں بلکہ انصاف چاہتے ہیں، لیکن بھارت اگر جارحیت کی راہ اختیار کرے گا تو ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، اور اپنے ملک کی خودمختاری اور وقار کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کو اپنی خارجہ پالیسی سے جارحانہ عزائم اور خفیہ حربے ختم کرنا ہوں گے، کیونکہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، صرف مکالمہ اور مذاکرات ہی مسائل کے حل کا راستہ ہیں۔

انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے دریاؤں کا دفاع کرے گا، آپ پانی کا رخ تو موڑ سکتے ہیں، لیکن دریا کو خشک نہیں کر سکتے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter