وزیر مملکت طلال چوہدری نے امریکا کے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو عالمی دہشتگرد قرار دینے کے فیصلے کو پاکستان کے مؤقف کی کامیابی قرار دیا، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
اسلام آباد، امریکا کی جانب سے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور کالعدم مجید بریگیڈ کو بین الاقوامی دہشتگرد قرار دینے کے فیصلے پر وزیر مملکت طلال چوہدری اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ردعمل دیا ہے۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کی جانب سے دہشتگرد قرار دی گئی یہ تنظیمیں "فتنہ الہندوستان” کا حصہ ہیں، جن کی فنڈنگ مختلف ملکوں سے ہوکر پاکستان پہنچتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جلد ان کے مالی معاونین اور اسپانسرز کو بھی دہشتگرد قرار دیا جائے گا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان کے دہشتگردی مخالف مؤقف کی واضح تائید ہے، اور پاکستانی حکام ٹرمپ انتظامیہ کو اپنی بات سمجھانے میں کامیاب ہوئے ہیں،آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دونوں امریکی دوروں اور ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی مسلسل رابطہ کاری کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار تسلیم کر چکے ہیں کہ بھارت کے طیارے گرائے گئے، جس سے پاکستان کے بیانیے کو تقویت ملی ہے، بھارت پہلے جنگ ہارا اور اب اس کا بیانیہ بھی شکست کھا چکا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو امریکا تک پاکستان کا مؤقف پہنچانے کا کریڈٹ جاتا ہے، انہوں نے اس فیصلے کو بلوچستان اور ملک بھر میں دہشتگردی کے خاتمے کی کوششوں کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
امریکی فیصلے کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کی عالمی سطح پر فنڈنگ اور نقل و حرکت مزید محدود ہو جائے گی، جس سے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔