آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر ٹی20 کرکٹ میں لگاتار نو میچ جیتنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
کراچی، آسٹریلیا نے ٹی20 کرکٹ میں مسلسل نو فتوحات حاصل کرکے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ ڈارون میں کھیلی گئی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو شکست دی، جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، اور آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 178 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ یکسر ناکام رہی، مچل مارش 13 رنز بنا کر، ٹریوس ہیڈ 2 اور جوش انگلس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ تاہم کیمرون گرین (35) اور ٹم ڈیوڈ نے چوتھی وکٹ کے لیے 40 رنز کی شراکت داری قائم کی، جس کے بعد ٹم ڈیوڈ نے 52 گیندوں پر شاندار 83 رنز بنائے اور بین دوارشس کے ساتھ 59 رنز کی اہم شراکت داری کی۔
جنوبی افریقہ کی فیلڈنگ خراب رہی اور انہوں نے چار آسان کیچ چھوڑے، جن میں ٹم ڈیوڈ کا کیچ بھی شامل تھا۔ نوجوان بولر کیوانا مفاکھا نے چار وکٹیں حاصل کرکے نیا ریکارڈ بنایا لیکن ان کی ٹیم جیت نہیں سکی۔
ہدف کے تعاقب میں ریان رِکلٹن نے 71 رنز اور ٹرسٹن اسٹبز نے 72 رنز کی شراکت داری قائم کی، مگر جوش ہیزل ووڈ اور ایڈم زیمپا کی شاندار بولنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ ہیزل ووڈ اور دوارشس نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ آخری اوور میں گلین میکسویل نے باؤنڈری پر شاندار کیچ پکڑ کر جنوبی افریقہ کی جیت کی امیدوں کو دم توڑ دیا۔
یہ فتح آسٹریلیا کی ٹی20 فارمیٹ میں مسلسل نو ویں جیت ہے، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔