شمالی وزیرستان میں پولیس کے ضلعی سربراہ (ڈی پی او) کے اسکواڈ پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے، تاہم ڈی پی او وقار احمد اس حملے میں محفوظ رہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ بنوں-میران شاہ روڈ پر واقع ممش خیل کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے ڈی پی او کے قافلے کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں اسکواڈ میں شامل متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا، جبکہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ واقعے کے بعد پولیس کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
شمالی وزیرستان: میر علی میں فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کا مقصد ڈی پی او کو نشانہ بنانا تھا، تاہم بروقت ردِعمل کے باعث وہ محفوظ رہے۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔
